لندن (ودود مشتاق) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں بھارت کشمیر کی حیثیت کو ختم نہیں کرسکتا ہم بطورِ کشمیری بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی مذمت اور اسے متفقہ طور پرمسترد کرتے ہیں۔ وہ لندن میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری لطیف اکبر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات کے نتیجے میں پاکستان میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت انتخابات نہیں چاہتی جب کہ مولانا فضل الرحمن بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ انتخابات کے سوا اس ملک کو کوئی بھی سیاسی اور معاشی بحران سے نہیں نکال سکتا۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے دباؤ کی وجہ سے ہی انتخابات کا انعقاد ممکن ہو رہا ہے اور پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنائے گی جب کہ چیئرمین بلاول بھٹو پاکستان کے اگلے وزیرِ اعظم ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد محض ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے بنایا گیا تھا تاہم پیپلز پارٹی کسی طرح کے انتقام پر یقین نہیں رکھتی جب کہ میاں نواز شریف کے ذہن سے انتقامی جذبہ ختم ہونے کو ہی نہیں آ رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے کہا کہ لطیف چوہدری کا دورہ برطانیہ کشمیر کی آزادی کیلئےمعاون ثابت ہوگا۔ پیپلز پارٹی گریٹر لندن کے صدر میاں سلیم ،تقریب کے میزبان ریاض کوہمروی، کونسلر محمد اسلم ، پیپلز پارٹی یوتھ آرگنائزیشن یوکے یورپ کے صدر آصف خان، چوہدری نثار اور دیگر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے برٹش پاکستانیوں کا کردار اہم ہے اور اس مقصد کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی لطیف اکبر چوہدری جب لندن پہنچے تو ائرپورٹ پر میاں سلیم ریاض کوہمروی، چوہدری نثار، وحید اقبال اور دیگر رہنماوں نے ان کا استقبال کیا اور پھول پیش کئے۔ اسپیکر لطیف اکبرچوہدری برطانیہ کے دورے کے دوران پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کرنے کے علاوہ مختلف شہروں میں کمیونٹی کی طرف سے استقبالیہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔