تہران (نیوز ایجنسیز) شام میں اسرائیلی حملے میں ایران کے سینئر جنرل ہلاک ہوگئے، رازی موساوی اسلامی انقلابی گارڈ کور کی غیر ملکی شاخ قدس فورس کے ’سب سے زیادہ تجربہ کار مشیروں میں سے ایک‘ تھے۔ اسرائیلی کارروائی پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر اسرائیل کو ایرانی میجر جنرل کے قتل کی قیمت چکانا ہوگی، اسرائیلی اقدام خطے میں صیہونی حکومت کی بے بسی، نااہلی ظاہر کرتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب کے ایک سینئر جنرل پیر کو شام میں اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہوگئے، ملٹری فورس اور ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ تہران کی سرکاری IRNA نیوز ایجنسی نے کہا کہ وہ اپنے قدیم دشمن ایران کو شام میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کی اجازت نہیں دے گا۔ رازی موساوی ’چند گھنٹے قبل دمشق کے نواحی ضلع زینبیہ میں صیہونی حکومت کے حملے کے دوران ہلاک ہوگئے۔ ادھر اسرائیلی حملےمیں ایرانی کمانڈر کی ہلاکت پر ایرانی صدر نے سخت بیان جاری کرتےہوئے کہا کہ اسرائیل یقینی طور پر ایرانی میجر جنرل کے قتل کی قیمت ادا کرے گا، اسرائیلی اقدام خطےمیں صیہونی حکومت کی بےبسی، نااہلی ظاہر کرتا ہے۔