لاہور (جنگ نیوز) این سی ایس ڈبلیو کے سیکریٹری خواجہ عمران رضا نے کہا ہے کہ خواتین آئندہ عام انتخابات میں آزادانہ طور پر حصہ لینے کیلئے محفوظ محسوس کرینگی جیسا کہ ریاستی ادارے ان کے آزاد انتخاب کو انجام دینے کیلئے غیر امتیازی اور محفوظ پلیئنگ فیلڈ یقینی بنائیں گے۔ وہ لاہور میں اقوام متحدہ کی خواتین کے تعاون سے خواتین کی حیثیت پر قومی کمیشن (این سی ایس ڈبلیو) کے زیر اہتمام اکیسویں دو روزہ بین الصوبائی وزارتی گروپ کانفرنس سے افتتاحی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو نیلو فر بختیار، یورپی یونین خواتین کی ملکی نمائندہ شرمیلا رسول، امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے بھی گفتگو کی۔ انسانی حقوق کے وزیر خلیل جارج نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ وفاقی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے قومی بیانیے کی پیروی صنفی مساوات، مساوی حقوق اور یکساں مواقع کی بنیاد پر کی جائے گی۔ خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کہیں بھی نہیں کیا جائے گا اور انہیں کہیں بھی ہراسانی یا تشدد کا سامنا نہیں ہوگا۔