اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے صوبے کے مالی مسائل حل کرنے کیلئے سیکریٹیریل کمیٹی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں حکومت نے پچھلے چار مہینوں میں ہر شعبے میں اصلاحات متعارف کروائی ہیں جن کا فائدہ ملک و قوم اور آئندہ آنے والی منتخب حکومت کو ہوگا۔خیبر پختونخوا کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، ہم صوبائی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔خیبرپختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی ،فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت محدود وسائل کے باوجود صوبائی حکومت کو ہرممکن مدد فراہم کرے گی ، صوبے کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، خیبر میڈیکل کالج پشاور اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا کام تیز کیا جائے،خیبر پختونخوا کے امور پر اہم جائزہ اجلاس میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم نے صوبے کے مالی مسائل حل کرنے کیلئے ایک سیکریٹیریل کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جو کہ اس حوالے سے حکمت عملی ترتیب دے گی۔