بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے زیر اہتمام سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی سولہویں برسی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بینظیر بھٹو شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ برسی کی تقریب میں سابق لارڈ مئیر محمد عجیب نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر محترمہ بے نظیر بھٹو خواتین کے حقوق کی بہت بڑی علمبردار سمجھی جاتی تھیں، بے نظیر بھٹو کی سیاست کا محور ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد تھی، جمہوریت کی جدوجہد میں بے نظیر بھٹو کا نام ہمیشہ استعارہ بن کر زندہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کے بے نظیر بھٹو نے دنیا بھر میں پا کستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے کوشش کی، بے نظیر بھٹو کو ایک سازش کے تحت قتل کیا گیا ان کی شہادت کو سولہ برس بیت گئے تاحال ان کے قاتل اور ان کے قتل کے محرکات کا سامنے نہ آنا ہمارے تحقیقاتی اداروں پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدرو بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ کے چیف آرگنائزر آصف نسیم راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید پاکستان کا روشن چہرہ اور روشن مستقبل تھی، انہوں نے اپنی زندگی پاکستانی عوام کے لئے وقف کر رکھی تھی، انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ بھی پاکستان کو بچانے اور بحالی جمہوریت کی جدوجہد کیلئے پیش کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے سینئر بزرگ رہنما سردار عبدالرحمٰن خان نے کہا کہ بے نظیر نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی طور پر دنیا ان کی شخصیت کی معترف تھی، جمہوریت کے لئے انہوں نے ہمیشہ پرامن جدوجہد کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سینئر رہنما ،راجہ اے ڈی خان ، چوہدری یعقوب ، چوہدری عبدالقیوم، سابق مئیر آف ہیلی فیکس ارشد حسین اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان کی ملک کے لئے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو چاروں صوبوں کی زنجیر تھی۔ تقریب میں چوہدری محمد نذیر ،محمد شبیر ،علی اکبر ، سید حسن عسکری ، ملک محمد افضل اعوان اور دیگر نے شرکت کی۔ آخر میں بے نظیر بھٹو کی روح کو ایصال ثواب کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔