• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمان کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ، انتخابات کا ذکر سرفہرست

اسلام آباد (فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی) مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں شرکاء کے درمیان اہم موضوع گوکہ ملکی سیاسی صورتحال، انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے چہ میگوئیاں اور سیاسی جوڑ توڑ کا حوالہ سرفہرست تھا تاہم شرکاء کے ایک گروپ میں اس حوالے سے بھی ہلکی پھلکی گفتگو ہوئی کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی میں مولانا فضل الرحمان کو مدعو نہیں کیا تھا۔ اس موقع پر جب اس نمائندے نے مولانا فضل الرحمان سے یہ استفسار کیاتھا کہ آپ شادی میں شرکت کیلئے کب کراچی جارہے ہیں تو پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے انتہائی حیرت اظہار کرتے ہوئے پوچھاتھا کہ کونسی شادی کس کی شادی؟ جب انہیں بتایا گیا کہ بختاور بھٹو کی شادی میں بڑے بڑے لوگ شرکت کر رہے ہیں تو مولانا فضل الرحمان نے جواب دیاتھا کہ آصف زرداری صاحب نے مجھے اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کی کوئی دعوت نہیں دی۔ اس موقع پر شریک گفتگو جن کا تعلق جے یو آئی سے تھا ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان صاحب نے آصف زرداری صاحب کو تقریب میں شرکت کیلئے باضابطہ طور پر نہ صرف دعوت دی بلکہ شرکت کی تاکید بھی کی تھی جس پر شرکاء کے اس جملے پر پورا ماحول زعفران زار ہوگیا۔ ’’اس وقت انتخابی صورتحال نہیں ہوگی لیکن اب تو انتخابات ہونے والے ہیں ایسے مواقع پر لوگ بن بلائے بھی آجاتے ہیں، مولانا فضل الرحمان نے تو زرداری صاحب کو خاص تاکید بھی کی تھی۔
اہم خبریں سے مزید