ڈیرہ اسماعیل خان (جنگ نیوز /ایجنسیاں) ڈیرہ اسماعیل خان میں جے یوآئی امیر فضل الرحمن کے قافلے کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیاہے ‘ جے یوآئی ترجمان اسلم غوری نے دعویٰ کیا ہے کہ قافلے پر حملہ اوردواطراف سے فائرنگ ہوئی ہے ‘دوسری جانب فضل الرحمن کے بھائی عبیدالرحمان کا کہناہے کہ فائرنگ مولانا فضل الرحمان پر یا ان کی گاڑی پر نہیں ہوئی‘فائرنگ کے وقت فضل الرحمان گھر پر تھےجبکہ پولیس کا کہناہے کہ فضل الرحمن کے قافلے پر حملہ نہیں ہوا۔آرپی او ناصرمحمود کے مطابق یارک انٹر چینج پر پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔ ادھر سیکریٹری داخلہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔تفصیلات کےمطابق جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میںفضل الرحمان کے قافلے پر حملہ ہوا ہے۔ اسلم غوری کے مطابق فائرنگ کا واقعہ یارک انٹرچینج پر اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے بیٹے مولانا اسجد کے ولیمے میں جا رہے تھے۔ دریں اثناءآرپی او ناصرمحمود کے مطابق یارک انٹر چینج پر پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا ‘پولیس کی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے ۔فضل الرحمان موقع پر موجودہی نہیں تھے ۔تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے صوبائی ترجمان مولانا جلیل خان نے بتایا کہ فضل الرحمٰن ڈیرہ اسمٰعیل خان جا رہے تھے کہ سی پیک روٹ کے قریب پارک نامی علاقے میں ان کے قافلے پر فائرنگ ہوئی جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے قافلے میں 10سے 15گاڑیاں شامل تھیں۔ذرائع نے بتایا کہ فضل الرحمن کا قافلہ اور پولیس کی گاڑیاں فائرنگ کی زد میں آئیں۔