• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی نے ترقی کی بنیادوں پر پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا، مرتضیٰ وہاب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ یکسوئی کے ساتھ کراچی کے شہریوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، ساڑھے تین سال کا باقی عرصہ کراچی کے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہئے، آئندہ الیکشن پروپیگنڈہ کے بجائے خدمت اور ترقی کی بنیاد پر ہو، 15 جنوری 2023 کو کراچی نے ترقی کی بنیادوں پر پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا، میئر کے الیکشن پر کافی بات کی جاتی ہے،سٹی کونسل کراچی میں 155 پی پی اور 130 جماعت اسلامی کے اراکین ہیں، ہم نے کراچی کے عوام کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کیا،عوام نے ہمارے کام کو دیکھتے ہوئے ہمیں ووٹ دیا، ترقی کا یہ عمل جاری رہے گا،لوگ سمجھتے ہیں کہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی،لوگوں کو بلاول بھٹو کی شکل میں لیڈر نظر آرہا ہےیہ بات انہوں نے جمعرات کے روز کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (CPNE) کے دفتر کے دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر اعجاز الحق، عامر محمود اور دیگر سینئر صحافی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر یہ غلط تاثر ہے کہ جماعت اسلامی کے نمبر زیادہ ہیں، 14ن لیگ اور 4 جے یو آئی اراکین نے مجھے ووٹ دیئے، الیکشن کے دن تحریک انصاف کے 32 اراکین نے ووٹنگ میں حصہ لیا، تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندے جماعت اسلامی کو حریف سمجھتے ہیں، یہ حقائق ہیں بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں 13 ٹاؤنز ہمارے، 9 جماعت اسلامی، 3 تحریک انصاف کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ، کیماڑی، گڈاپ، ملیر میں پیپلز پارٹی کا اسٹرانگ ہولڈ ہے، ہمیں بلدیاتی انتخابات میں ضلع وسطی اور غربی سے ووٹ ملے، ایم کیو ایم کے بائیکاٹ سے جماعت اسلامی کو فائدہ ہوا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید