کراچی(اسٹاف رپورٹر) خطیب پاکستان علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے نشر پارک میں عشرہ محرم کی دوسری مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ باطنی و بیرونی دباؤ اور راہ میں پیش آنے والی مشکلات پر قابو پانے کے لیےصبر،پائیداری اور استقامت ضروری ہے، واقعۂ عاشورا میں بھی یہی روحانی جلوہ نمایاں ہے،معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب میں کہا ہے کہ مرضی خدا کیلئے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، علامہ شبیر حسن میثمی نے قرآن سینٹر ڈیفنس میں خطاب کر تے ہوئے کہا واقعہ کربلا میں امام عالی مقام امام حسینؑ نے بھی ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور مظلوم کی حمایت میں کھڑے ہونے کا پیغام دیا،مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے گلستان سوسائٹی میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھ باوفا ساتھیوں اور اہل و عیال نے دین مبین اسلام کی بقاء کی خاطر وقت کے یزید حکومت کے خلاف قیام کرتے ہوئے راہ خدا وندی میں اپنی اور اپنے اہل و عیال کے ہمراہ قربانی پیش کی،علامہ صادق عباس عابدی نے بارگاہ النجف گلستان جوہر میں مجلس عزا سے خطاب میں کہا کہ مسلمان فروعی اختلا فات بالائے طاق رکھ کر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں ،اسلام ہماری وحدت کا نام ہے ۔