کراچی، لاہور، کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) الیکشن اپیلیٹ ٹربیونلز نے اختر مینگل، شیخ رشید، اعجازالحق اور سبطین خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی، جبکہ عمران خان کی اپیل پر اتوار 7جنوری کو سماعت ہو گی، جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں قائم تین الیکشن ٹربیونلز نے 260سے زائد امیدواروں کی اپیل پر ریٹرننگ افسران و دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے، سابق صوبائی وزیر ذوالفقار مرزا اور سابق اسپیکر اسمبلی فہمیدا مرزا کی 5 اپیلوں پر آر اوز کو نوٹس جاری کردیئے۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل کی اپیل کی سماعت کے دور ان وکیل ساجد ترین نے کہا کہ اختر مینگل نے اقامہ سفری مقاصد کیلئے حاصل کیا تھا، اقامے سے کوئی تنخواہ یا مالی فائدہ حاصل نہیں کیا۔ اپیلٹ ٹربیونل نے سوال اٹھایا تھا کہ کیا اختر مینگل کے اقامے سے تنخواہ اور فائدہ حاصل کرنے کے ثبوت ہیں؟ وکیل نے کہا کہ کوئی ثبوت نہیں۔ ٹربیونل نے اپیل منظور کرتے ہوئے اختر مینگل کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے الیکشن ٹریبونل نے بانی پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 میانوالی سے کاغذاتِ مسترد کیے جانے کیخلاف اپیل 7جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر لی اور ریٹرننگ افسر سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے گئے۔ اپیل میں کہا گیا کہ نمل یونیورسٹی کے بورڈکا چیئرپرسن ہونے کے ناطے سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے 36لاکھ88ہزار 680 روپے کے واجبات درخواست گزار کے ذمہ نہیں آتے اس حوالے سے اپیل کنندہ کو کبھی کوئی نوٹس بھی نہیں دیاگیا۔اسی طرح الیکشن ایکٹ تحت الیکشن کمیشن کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ نااہلی کے آرڈر جاری کرے۔ الیکشن ٹربیونل نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کو میانوالی کے حلقہ پی پی 88 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی اور ریٹرننگ افسرکا کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ مسلم لیگ ضیاء الحق کے سربراہ محمد اعجاز الحق کے حلقہ این اے 55 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔پنڈی کے ٹربیونل نے آر او کے اعتراضات مسترد کر دیئے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی کاغذات نامزذگی مستردہونے کیخلاف بھی دونوں اپیل منظور کر لی گئیں اور انہیں دونوں حلقوں این اے 56اور 57 سے الیکشن لڑنے کا اہل قرار دیا گیا ہے، کراچی کے حلقہ این اے 236 سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی اپیل پر ان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین تنیو پر مشتمل الیکشن ٹریبیونل میں فردوس شمیم نقوی کی اپیل پرسماعت ہوئی۔