کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی انٹیلی جنس نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں بم دھماکے افغانستان میں قائم داعش خراسان نے کئے تھے۔ امریکی انٹیلی جنس سے واقف دو ذرائع نے بتایا کہ ہے امریکا کی طرف سے حاصل کئے گئے مختلف پیغامات سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ ایران میں دو بم دھماکوں کے پیچھے داعش کی افغانستان میں قائم شاخ کا ہاتھ تھا۔ بدھ کے روز کرمان میں ہونے والے بم دھماکوں میں 84 افراد شہید ہوگئے تھے۔ داعش نے جمعرات کو بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں دھماکے اس کے دو خودکش بمباروں نے کئے تھے۔ امریکی انٹیلی جنس کے ذریعہ نے بتایا کہ “امریکا کے پاس واضح معلومات موجود ہیں” کہ یہ حملہ داعش خراسان نے کیا تھا۔ دوسرے ذریعہ نے بھی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی انٹیلی جنس نے ایسے پیغامات کو انٹرسیپٹ کیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان حملوں میں داعش خراسان کا ہاتھ تھا۔ سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔