کراچی(نیوز ایجنسیز)ملک بھر میں سردی بڑھ گئی ہے اور کراچی میں سرد ہواؤں کے ڈیرےپڑ گئے ہیں ، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں کل سے سردی کی نئی لہر متوقع ہے اور پارہ 10سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سرد کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور میں خون جما دینے والی سردی جبکہ کراچی میں سرد ہواؤں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ منگل سے شہر میں سردی کی نئی لہر متوقع ہے، معمول سے تیز یخ بستہ ہوائیں چلنے کے سبب درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق منگل سے شہر میں سردی کی نئی لہر متوقع ہے جس کے دوران تیز شمال مشرقی/ مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کے سبب سردی بڑھنے کا امکان ہے،سردی کی نئی لہر کے دوران کم سے کم پارہ 10 ڈگری تک گرسکتا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق حالیہ مغربی سسٹم کے عقب میں سرد ہواؤں کا سلسلہ موجود ہے جو کراچی پر اثرانداز ہوگا،اس کے نتیجے میں پارہ گرسکتا ہے،تاہم سنگل ڈیجیٹ میں درجہ حرارت ریکارڈ ہونے کے امکانات کم ہیں۔انہوں نے بتایاکہ رواں ماہ کے آخر میں ایک اور مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کا کم سے کم پارہ 13.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت دھند چھانے کے سبب حدنگاہ 3 کلومیٹرتک متاثر ہوئی۔