• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی ہائی کمشنر کی نواز شریف اور امریکی سفیر کی بلاول سے ملاقاتیں، انتخابات میں سب کی شمولیت پر زور

کراچی/لاہور ( اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) امریکا اور برطانیہ نے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت یقینی بنانے پر زور دیاہے ‘مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے جاتی امراء رائے ونڈ میں ملاقات کی ۔اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ پاک برطانیہ مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں‘دونوں ملکوں کے درمیان تجارت‘سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ8فروری کوسب کی شمولیت پر مبنی اجتماعیت کے حامل انتخابات کا انعقاد پاکستان کے مستقبل کے لئے اہم ہے‘برطانوی ہائی کمشنر نے مختلف مقدمات سے بریت پر مسلم لیگ (ن) کے قائد کو مبارک دی۔ بعدازاں سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں جین میریٹ نے سب کی شمولیت پر مبنی عام انتخابات کو پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی معاشی اصلاحات کا تسلسل ضروری ہے ۔جین میریٹ نے کہا کہ وہ اس وقت کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں تمام اہم سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں میں مشغول ہیں۔ادھرپاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پیرکو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔امریکی قونصل خانے سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں آزادانہ ، منصفانہ اور شمولیت پر مبنی انتخابات کی اہمیت سمیت موجودہ سیاسی اُمورپر تبادلہ خیال کیاگیا‘فریقین نے امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کی اہمیت اور یو ایس پاکستان گرین الائنس فریم ورک میں پیشرفت کے موضوعات پر بھی گفتگو کی۔

اہم خبریں سے مزید