کراچی ( اسٹاف رپورٹر /جنگ نیوز)الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کا نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پرویز الٰہی اور ان کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیدیا۔الیکشن ٹربیونل کے جج چوہدری عبدالعزیز نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جسے اب سنا دیا گیا ہے۔الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 242 سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف پیپلز پارٹی کے مسعود خان مندوخیل کی اپیل مسترد کردی۔ شہباز شریف کو کراچی سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کی اپیلیں مسترد کردیں۔ الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسرکا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ ذوالفقار مرزا کے بیٹے حسنین مرزا نے سندھ ہائی کورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک پرائیویٹ بینک کے اعتراض پر یہ فیصلہ دیا گیا ہے ۔ ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں‘ اعلیٰ عدالت سے استدعا کریں گے۔