نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ایک بڑی خبر ہے جس پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں کہ یہاں صحت سے متعلق عالمی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔
نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نگراں وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کے صحت سے متعلق مسائل ہی اصل مسائل ہیں، 10 اور 11 جنوری کو اسلام آباد میں ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ ہو رہی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ کسی بھی وباء کے مقابلے میں وسائل کا ہونا ضروری ہے، کورونا کے بعد صحت کے شعبے کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
ان کا کہنا کہ گلوبل ہیلتھ سمٹ میں 70 سے زائد ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے، کووڈ میں 7 ٹرلین ڈالرز کا نقصان ہوا اور 7 ملین اموات ہوئیں۔
وفاقی نگراں وزیرِ صحت نے کہا کہ کورونا کے بعد ایک نئی دنیا نے جنم لیا، گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی کا ایجنڈا اس وقت پاکستان کے لیے نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کووڈ کے بعد دنیا کو پتہ لگا کہ گلوبل ہیلتھ سمٹ کی کتنی ضرورت ہے، عالمی ماہر ڈونرز اور دیگر لوگوں کو دنیا بھر سے اس سمٹ میں بلایا جا رہا ہے، صحت کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔