• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس میں پہلی بار ’’ہم جنس‘‘ پرست وزیراعظم مقرر

پیرس (نیوز ڈیسک) فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے گیبریل اٹل کو ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کر دیا جو سب سے کم عمر اور پہلے ہم جنس پرست وزیراعظم ہوں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے 62سالہ الزبتھ بورن کا استعفیٰ قبول کر لیا۔ جن کی وزارت عظمیٰ کا دور دو سال سے بھی کم عرصے پر محیط رہا۔ فرانسیسی صدر میکرون کی نظریں اب اپنے باقی ماندہ تین سالہ دور صدارت پر ہیں جس میں وہ ایک متحرک کابینہ کے ساتھ عوام میں اپنی ساکھ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صدر ایمانویل میکرون کی نئے وزیراعظم کے لیے نگاہ انتخاب 34سالہ گیبریل اٹل پر جا ٹھہری جو فرانس کے سب سے کم عمر اور سب سے پہلے ہم جنس پرست وزیراعظم ہوں گے۔ صدارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ایمانویل میکرون نے گیبریل اٹل کو وزیر اعظم مقرر کرکے انہیں حکومت بنانے کا کام سونپا ہے۔ اس ہفتے کابینہ میں وسیع تر ردوبدل متوقع ہے۔ گیبریل اٹل وزارت تعلیم میں اپنے عہدے کے بعد حکومت میں سب سے مقبول شخصیت ہیں اور میکرون کو غیر مقبول پنشن اصلاحات، پارلیمانی انتخابات میں ان کی مجموعی اکثریت سے محرومی اور امیگریشن قانون سازی جیسے تنازعات سے باہر نکالنے کی کوشش کریں گے۔

یورپ سے سے مزید