کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں مسلم لیگ( ن) سمیت کسی اتحادی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ متحدہ رہنماؤں کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔242 پر سینئر ڈپٹی کنوینرسیدمصطفی ٰکمال بدستور ایم کیو ایم کے امیدوار ہیں۔ البتہ ایم کیو ایم نے تجویز کیا ہے کہ کراچی ضلع ملیر کی 3نشستوں این اے۔ 229، این اے۔230، این اے۔231، ضلع ملیر کی 5صوبائی نشستوں، ضلع جنوبی کے حلقہ این اے۔ 239، اندرون سندھ میرپور خاص، نواب شاہ، سکھر اور لاڑکانہ کی قومی اسمبلی کی نشستوں پرایم کیو ایم ، ن لیگ، جے یو آئی (ف) اور جی ڈی اے میں شامل جماعتیں مل کر کوئی حکمت عملی طے کرلیں، تاہم ابھی تک کسی بھی نشست کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔