اسلام آباد(ایجنسیاں)سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی تحریک انصاف کو بلے کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کےپشاورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری نہ کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی پشاور ہائی کورٹ میں دائر توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی‘ درخواست پر ہائی کورٹ کا دو رکنی خصوصی بینچ (آج)جمعہ کو سماعت کرے گا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی اپیل پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بنچ (آج) جمعہ کو سماعت کرے گا۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے جمعرات کو اعتراض عائد کرتے ہوئے اپیل واپس کر دی گئی‘بعد ازاں الیکشن کمیشن نے اعتراضات دور کرتے ہوئے ترمیم شدہ اپیل دوبارہ رجسٹرار آفس میں جمع کرا دی۔