اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) بنگلہ دیش کا نیا جنرل الیکشن‘ مغرب ناقد‘ چین روس مطمئن ۔روس‘ چین‘ فلپائن‘ انڈیا‘ سنگا پور سمیت غیرملکی سفیر شیخ حسینہ کو اکٹھے مبارکباد دینے گئے ۔سترہ کروڑ آبادی والے ملک بنگلہ دیش کے حالیہ الیکشن کے بارے میں امریکا اور برطانیہ نے یہ کہہ کر منفی ردعمل اپنایا ہے کہ بنگلہ دیش کے گزشتہ اتوار کے الیکشن فری‘ فیئر‘ شفاف‘ منصفانہ نہ تھے جن کا اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا مگر چین اور روس نے بنگلہ دیش کے ساتھ گرمجوشی کے تعلقات کا آغاز کیا ہے۔ بنگلہ دیش کے الیکشن کے سرکاری نتائج میں حکمران عوامی لیگ کو لینڈ سلائیڈ ونر قرار دیا گیا ہے۔ چوتھی بار بنگلہ دیش کی وزیراعظم منتخب ہو کر شیخ حسینہ واجد نے غیرملکی سفیروں سے ملاقات کی۔جو سفیر ان کو مبارکباد دینے آئے اُن میں سنگا پور‘ فلپائن‘ انڈیا‘ روس‘ چین کے سفراء شامل تھے۔