اسلام آباد،کابل ،تہران ،نئی دہلی (صباح نیوز) پاکستان ،افغانستان ،ایران ، بھارت، آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ،لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ،کوئی مالی و جانی نقصان نہیں ہوا ،پاکستان میں شدت 6.1، ریکارڈ ، مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا اور اس کی گہرائی 213 کلومیٹر تھی ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 213کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا،راولپنڈی، اسلام آباد ،لاہور، سرگودھا ، فیصل آباد ، خوشاب ،بھکر ،منڈی بہاؤ الدین،ننکانہ بھلوال ،چنیوٹ ،اوکاڑہ،اٹک ،چکوال ، خیبرپختونخوا ،مظفر آباد،وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ فی الحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، بھارتی شہرنئی دہلی اور پیرپنچال کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔