برطانوی گلوکار زین ملک نے پاکستانی میوزک بینڈ ’اور‘ کے ساتھ اشتراک کرکے اردو زبان میں گانا گانے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کی ہے۔
پاکستانی میوزک بینڈ ’اور‘ نے زین ملک کے ساتھ مل کر اپنے ایک ہٹ گانے’تو ہے کہاں‘ کو نئے انداز میں پیش کیا ہے۔
اس گانے کے اصلی ورژن کو اب تک 95 ملین سے زائد ویوز مل چُکے ہیں اور کچھ روز قبل یوٹیوب پر ریلیز ہونے والے اس گانے کے نئے ورژن کو اب تک تین ملین سے زائد ویوز مل چُکے ہیں۔
زین ملک نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں زندگی میں پہلی بار اردو زبان میں گانا گانے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستانی بینڈ نے مجھ سے رابطہ کیا تو مجھے بے حد خوشی ہوئی۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے یہ گانا بہت پسند ہے اور میں نے اب اس نئے ورژن میں کچھ اپنا انداز بھی شامل کیا ہے جو کہ مجھے امید ہے کہ لوگوں کو پسند آئے گا۔
برطانوی گلوکار نے اردو زبان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کچھ زبانیں ایسی ہوتی جو آپ کو ہر چیز محسوس کرواتی ہیں اور امید ہے کہ مجھے اردو زبان میں مزید گانے کا بھی موقع ملے گا۔
یاد رہے کہ31 سالہ برطانوی گلوکار زین ملک انگلینڈ کے شہر بریڈ فورڈ میں پیدا ہوئے تھے لیکن ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔
اُنہوں نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ اردو زبان بولتے بھی ہیں اور سمجھتے بھی ہیں۔