قمبرعلی خان(نامہ نگار/ایجنسیاں)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن)کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہےکہ ن لیگ اب جمہوری جماعت نہیں رہی‘ وہ مقابلہ نہیں مخالفین کو پچ سے آؤٹ کرنا اکیلے ہی میدان میں کھیلنا چاہتی ہے‘ قاضی فائز عیسیٰ جب سےچیف جسٹس بنے قانون پرعمل درآمدکرکے فیصلے دیتے ہیں‘پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ پر سارا ملبہ ڈالنا نا انصافی ہے ‘پنجاب میں ہمارے امیدواروں کا انتخابی نشان سے محروم کیا جارہاہے ‘پی ٹی آئی کے بعد پیپلزپارٹی کے امیدوار نشانے پر ہیں ۔پیرکو قمبرشہدادکوٹ اورمیروخان میں کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ پنجاب کے صوبائی امیدواروں کو تیر کے بجائے علیحدہ انتخابی نشانات دیے گئے ہیں، ہم اس فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے اور عدالت بھی جائیں گے۔ن لیگ پنجاب میں پی ٹی آئی سے ہونے والے معاملےکا فائدہ اٹھانےکی کوشش کر رہی ہے‘پیپلزپارٹی ن لیگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتےکہ کسی سیاسی جماعت کو اس کے انتخابی نشان سے محروم کیا جائے‘پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی الیکشن درست طریقے سے نہیں کرایا‘ پی ٹی آئی کارکن عدلیہ کے بجائے اپنے اندر دیکھیں کہ خامیاں کہاں ہیں۔ بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کے انتخابی نشان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہےکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سیاسی نہیں قانونی فیصلہ دیا۔