کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بلاول پنجاب میں لاہور کو کراچی بنانے کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹرعرفان گل مگسی کی ایم کیو ایم میں شمولیت کے موقع پر پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بلاول بھٹو زرداری پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی دنیا کے 4 بدترین اور ناقابل رہائش شہروں میں شامل ہوگیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری آج کل پنجاب فتح کرنے کی مہم چلا رہے ہیں، وہ لاہور میں یہ نہیں کہہ سکتے کہ لاہور کو کراچی بنائیں گے۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لوگوں کو حرام کھلائے بغیر کراچی میں ایک دیوار بھی نہیں بنا سکتے۔اُن کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو نے لاہور کو کراچی بنانے کی بات کہہ دی تو مجمع بھاگ کھڑا ہوگا، جن کی کارکردگی کچھ بھی نہیں ہے، وہ وزیراعظم پاکستان بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جس بھی پارٹی کو اپنا وزیراعظم بنانا ہےاسے ایم کیو ایم کے ووٹ کی ضرورت ہوگی، جو کوئی بھی ہماری آئینی ترمیم تسلیم کرے گا،اسے وزیراعظم بنانے کےلیے ووٹ دیں گے۔انتخابات کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں ہیں ایم کیو ایم نے پانچ ماہ سے انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے ہماری انتخابی مہم گزشتہ کئی ماہ سے چل رہی تھی ایم کیو ایم نے جو منشور پیش کیا وہ سب نے دیکھا ہم پاکستان کے آئین میں بنیادی تبدیلی چاہتے ہیں ہم آئین میں تین آئینی ترامیم چاہتے ہیں ہمارا یہ ون پوائنٹ ایجنڈا ہے آئینی ترامیم ہوگی تو اختیارات نچلی سطح پر آئیں گے جب تک ملک میں مقامی حکومتیں نہیں آتیں عام انتخابات نہ ہوں جس جس کو ایم کیو ایم کے ووٹوں کی ضرورت پڑے گی ایم کیو ایم صرف اس سے آئینی ترامیم مانگے گی۔