لاہور (ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ 6سے 7 سال میں کی گئی تباہی ایک یا دو سال میں ختم نہیں ہو گی‘ منشور کے بارے میں نواز شریف جلد آگاہ کریں گے ‘اسٹیبلشمنٹ کا کندھا استعمال کرنے کی بات بے بنیاد ہے ،جو کچھ ماضی میں ہوا سب اس سے آگاہ ہیں‘ لاڈلا نوازشریف نہیں کوئی اور رہا ہے،ہم سے شیر کا نشان چھینا گیا ،بلا چھن گیا تو اس کے قصور وار ہم نہیں‘ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، کب تک ہم آئی ایم ایف کے پاس جاتے رہیں گے ‘ملکی ترقی کے لئے چارٹر آف اکانومی کرنا ہوگا ،آئندہانتخابات پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے‘ملک کی ترقی ایک چیلنج ہے‘ایک دن آئے گا جب کشکول ٹوٹ جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ آٹھ فروری کو عوام اپنے ووٹوں سے فیصلہ کریں گے کہ پاکستان کا مستقبل کس جگہ کھڑا ہوگا۔اگر خدانخواستہ ہم کامیاب نہیں ہوتے ایسا عوامی سیلاب آ جائے گا جو ہر چیز کو بہا کر لے جائے گا۔