اسلام آباد (فاروق اقدس/ خصوصی رپورٹ) ، پاکستان کی جانب سے ایرانی جارحیت کا جواب دیئے جانے کے بعد دنیا بھر کے میڈیا نے اس خبر کی شہ سرخیوں اور غیر معمولی اہمیت کے ساتھ نمایاں کرکے اس کی کوریج کی ہے تاہم زیادہ تر میڈیا نے پاکستانی مؤقف کو درست تسلیم کیا چونکہ پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کی تاریخ نہیں رہی ہے.
دونوں ملکوں کے درمیان پہلی مرتبہ اس نوعیت کی کشیدگی سامنے آنے کے بعد عالمی میڈیا کی اس معاملے پر خصوصی توجہ ہوگئی جس میں اسرائیلی میڈیا بھی شامل ہے.
معروف اسرائیلی نشریاتی ادارے یروشلم پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ اس موقع پر ایران نے ایٹمی طاقت رکھنے والے پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کو ترجیح کیوں دی؟ نشریاتی ادارے نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ایران کے پاس بظاہر اتنی قوت، طاقت اور فوج نہیں ہے جو پاکستان جیسے ایٹمی طاقت کے حامل ملک کا مقابلہ کرسکے، تاہم یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایران نے کشیدگی بڑھانے کو ہی اہم کیوں سمجھا؟