کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپور ٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق کے سوال کیا ن لیگ کو موجودہ بیانیہ فائدہ دے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ اب بلا نہیں رہا بلاول بھٹو شیر کو ہی تنقید کا نشانہ بناسکتے ہیں، اب پیپلز پارٹی کا مقابلہ ن لیگ سے ہے ۔
شہزاد اقبال نے کہا کہ بلاول اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ انتخابات دو پارٹیسسٹم کی طرف واپس جارہے ہیں، اب پیپلز پارٹی کا مقابلہ ن لیگ سے ہے، اب بلا نہیں رہا بلاول بھٹو شیر کو ہی تنقید کا نشانہ بناسکتے ہیں، پنجاب میں نواز شریف کے اکیلے دوڑنے کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔
نواز شریف نے اس وقت اپنی انتخابی مہم شروع کی جب سپریم کورٹ بلے کا نشان واپس لے چکا تھا، نواز شریف اب عوام میں کوئی بھی بیانیہ لے جائیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین پاکستان کوا یک طرف رکھ کر پی ٹی آئی کے آئین کے مطابق فیصلہ دیا، چیف جسٹس نے وہ فیصلہ دیا جو الیکشن کمیشن کی درخواست ہی نہیں تھی۔