اسلام آباد (صالح ظافر) گوادر پورٹ کو ترجیحی بنیادوں پر ایم ایل ون اور کوئٹہ سے منسلک کیا جا رہا ہے جیساکہ اس مقصد کے لیے اراضی کے حصول کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندری امور کو کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور گوادر پورٹ کے ایم ایل ون اور کوئٹہ کے ساتھ ریلوے کے رابطے پر غور کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت سینیٹ باڈی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ متعلقہ حکام نے قائمہ کمیٹی کو ان نئے ریل رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا جو گوادر بندرگاہ کو ایم ایل ون اور کوئٹہ سے ملانے کے لیے قائم کیے جائیں گے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ مذکورہ منصوبے کے لیے اراضی کے حصول کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے تاہم پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، اور دوسرا جاری ہے اور جلد ہی مکمل ہو جائے گا۔ کمیٹی کا خیال تھا کہ گوادر بندرگاہ کا ایم ایل ون سے ریلوے رابطہ گوادر بندرگاہ اور پاکستان ریلوے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ کمیٹی نے پاکستان ریلوے کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد اس منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے تیار کرے۔