راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے ایرانی جارحیت پر پاک فوج کے جواب کو قومی امنگوں کا ترجمان قرار دیا ہے۔ قومی سالمیت کیلئے قوم پاک افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔ ہیڈ کوارٹرز مکتب تشیع میں مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک ایران کشیدگی میں پاکستان نے ذمہ دار ایٹمی قوت کا مظاہرہ کیا ہے۔ مسلم ممالک کے اتحاد میں ہی نجات کی راہ مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اوڑھنا بچھونا محمد علی جناح اور علامہ اقبال کا پاکستان ہے جس کے ایک ایک انچ اور نظریہ اساسی کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ دراندازی کسی بھی سرحد سے ہو اسکی مذمت کرتے رہیں گے۔