اسلام آبا د ( آن لائن ) سپریم کورٹ بار نے سپریم کورٹ کے ججز اور عدلیہ کیخلاف منفی مہم پر تشویش کا اظہارکیا ہے اور کہا کہ آزادی اظہار ہر ایک کا حق ہے، لیکن اسکی حدود ہونی چاہئیں،سپریم کورٹ بار نے منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں عدلیہ کیخلاف مہم چلانا ناقابل قبول ہے، عدالتی فیصلوں کے بارے میں کھلی بحث کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے،عدالتی فیصلوں پر تنقیدی خیالات کی اجازت ہے، ججز اور انکے اہلخانہ کو نشانہ بنانا ناقابل برداشت ہے، سپریم کورٹ بار نے رائے کے ذمہ دارانہ اظہار کی ضرورت پر زور دیا ہے ،سپریم کورٹ بارنے اسلام آباد کی کچہری میں وکلا پر پولیس فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور اعلیٰ پولیس حکام سے واقعہ کی انکوائری کا مطالبہ کر دیا ۔ سپریم کورٹ بار نے ایران کی جانب سے پاکستان کی خومختاری کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی جوابی کارروائی کو سراہا ہے، سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ پاکستان کی قانونی برادری مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔