جدہ (شاہدنعیم) سعودی ٹریول اتھارٹی کے ذمہ داران نے پاکستانی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے کراچی کا دورہ کیا ہے۔سعودی ٹریول اتھارٹی میں ایشیا کے شعبے کے ذمہ دار الحسن الدباغ نے کہا ہے کہ2023 میں 10 لاکھ عمرہ زائرین سعودی عرب آئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے ہمارے پاس انتہائی شاندار پروگرام ہے جس کے ذریعہ ہم 2030 تک 35 لاکھ پاکستانیوں کو سعودی عرب میں سیاحت کیلئے راغب کرینگے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب پاکستانی سیاحوں کیلئے پسندیدہ ملک ہے جہاں سیاحت کے علاوہ وہ دینی شعائر کی ادائیگی کیلئے خاص طور پر رمضان المبارک اور حج کے دوران آتے ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سیاحت کے فروغ کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان پروازوں میں بھی اضافے کا پروگرام ہے۔ پاکستانی زائرین کی سہولت کیلئے سعودی ٹریول اتھارٹی نے ’نسک‘ ایپ اور ویب سائٹ جاری کی ہے جسکے ذریعہ وہ حج و عمرہ ویزے حاصل کرسکتے ہیں۔ الحسن الدباغ نے کہا ہے کہ ہم خاص طور پر ان پاکستانی سیاحوں کو راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو اپنی چھٹیاں یورپ، امریکہ، دبئی اور ترکی میں گزارتے ہیں۔