کراچی (عبدالماجد بھٹی) پی سی بی کے الیکشن کمشنر شاہ خاور کو قائم مقام چیئرمین پی سی بی مقرر کردیا گیا جبکہ محسن نقوی نئے انتخابات اور پنجاب کا اہم عہدہ چھوڑنے تک بطور ممبر بورڈ آف گورنر کام کرتے رہیں گے ۔
اب محسن نقوی کے چیئرمین بننے کی راہیں ہموار ہوچکی ہیں، وہ آٹھ فروری کے انتخابات کے بعد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نہیں ہونگے ۔
امکان ہے کہ فروری کے پہلے ہفتے میں تین سال کیلئے پی سی بی کو منتخب چیئرمین مل جائے گا البتہ پی سی بی کے2014کےآئین کے مطابق شاہ خاور بدھ کو باضابطہ چارج سنبھال لیں گے۔
پی سی بی کے آئین کے مطابق چیف الیکشن کمشنرہی قائم مقام چیئرمین بن سکتے ہیں۔
امکان کہ وہ وزارت بین الصوبائی رابطے کی مشاورت سے نیا بورڈ آف گورنرز بناکر لائیں گے ۔
بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر فواد حسن فواد اور شاہ خاور کی ملاقات ہوئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں جلد سے جلد چیئرمین کے انتخابات کروانے پر اتفاق ہوا ہے۔
آئی پی سی منسٹری نے منگل کو فوری طور پر محسن رضا نقوی کو پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں ذکا اشرف کی جگہ نامزد کردیا۔ وزیر اعظم نے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا استعفی منظور کرلیا ہے۔
شاہ خاور پی سی بی آئین کے تحت عہدہ خالی ہونے پر آٹو میٹک قائم مقام چیئرمین بن گئے ہیں۔
وہ چار ہفتوں کے اندر بورڈ کے الیکشن کا عمل مکمل کرنے کے پابند ہوں گے، الیکشن کے بعد منتخب ہونے والے چیئرمین ایک ہفتے کے اندر اپنے عہدے کا چارج سنبھال سکتے ہیں ۔