• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، ٹارگٹ کلنگ میں بھارت ملوث، 2 پاکستانی شہریوں کو انڈین ایجنٹس نے قتل کرایا، شواہد موجود ہیں، سیکریٹری خارجہ

اسلام آباد(ایجنسیاں)سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنٹس نے پاکستان میں 2 معصوم شہریوں کو قتل کیا‘محمد ریاض کو 8 ستمبر 2023 کو راولا کوٹ جبکہ شاہد لطیف کو 11 اکتوبر 2023 کو سیالکوٹ میں اجرتی قاتلوں کے ذریعے قتل کرایا گیا۔

بھارتی ایجنٹس کے اعترافی بیانات بھی ہیں جو اس وقت ہماری تحویل میں ہیں، ہمارے پاس فنانشل ٹرانزیکشنز کے ثبوت بھی موجود ہیں‘ بھارتی ایجنٹس کو ٹھوس شواہد پر حراست میں لیا گیا ، یہ پاکستان میں دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ میں براہ راست ملوث تھے ۔

 کینیڈا اور امریکا میں بھی ایسے ہی کیسز سامنے آئے ہیں‘عالمی سطح پر بھارت کا محاسبہ کیاجانا چاہیے‘ہندوستانی ایجنٹس یوگیش کمار اور اشوک کمارکے پاسپورٹس کی تفصیلات جاری کررہےہیں جبکہ تیسرے ملک سے بھی رابطہ کررہے ہیں جہاں قتل کی منصوبہ بندی ہوئی ۔

 جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کر تے ہوئے سائرس سجاد قاضی نے بتایا کہ بھارت پاکستانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ہے‘ہم بھارتی ایجنٹس یوگیش کمار اور اشوک کمار کی تفصیلات جاری کررہے ہیں‘ ایک بھارتی ایجنٹ سری گنگا نگر، راجستھان جبکہ دوسرا اشوک کمار کولیہ گاں کرناٹک میں پیدا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ فورسز نے اجرتی قاتل کو گرفتار کیا جس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے‘ بھارتی ایجنٹ نے اجرتی قاتل کی مدد سے محمد ریاض کوقتل کرایا تھا‘ قاتل عبداللہ علی کو ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا، وہ بیرون ملک فرار ہو رہا تھا‘ اس سے اشوک کمار نے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کیا، محمد عبداللہ علی کو بیرون ممالک اکاؤنٹس سے ادائیگیاں کی گئیں، محمد عبداللہ علی اور ان کے ساتھیوں، آلہ کاروں کو مختلف شہروں سے گرفتار کیا گیا۔

بتایاگیا کہ یوگیش کمار شاہد لطیف کے قتل کا ماسٹر مائند ہے، بھارتی ایجنٹ یوگیش کمار نے قاتل عمیر کی خدمات سوشل میڈیا سے حاصل کی، شاہد لطیف پر قتل کی کئی ناکام کوششیں ہوئیں، قاتل عمیر خود پاکستان آیا اور 5رکنی ٹیم کے ہمراہ قتل کو عملی جامہ پہنایا، بھارتی ایجنٹ نے شاہد لطیف کے قتل کا اعتراف کیا‘شہری شاہد لطیف کے قتل کے لیے مقامی لوگوں کی خدمات حاصل کی گئیں‘ بہت سی معلومات سکیورٹی وجوہات کی بنا پر شیئر نہیں کی جاسکتی ہیں۔

 ان کے رابطوں، ادائیگیوں اور دیگر پشت پناہی کے تمام شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں۔

سائرس سجاد نے بتایا کہ ہمارے پاس ملک میں موجود بھارتی ایجنٹس کی تفصیلات موجود ہیں‘ابھی 2 کیسز کی تفصیلات شیئر کریں گے اور کچھ کیسز ابھی زیر تفتیش ہیں۔ 

بھارتی ایجنٹس کا مزید کارروائیوں میں ملوث ہونا خارج از امکان نہیں ہے‘ان واقعات کے بعد ہم نے اپنی نگرانی بڑھا دی ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سکیورٹی اداروں نے بھارت کے دہشت گرد گروہ اور بھارتی ہینڈلرز اور سہولت کاروں جو کہ دہشت گردانہ کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ان کو کامیابی کے ساتھ بے نقاب کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محمد ریاض اور شاہد لطیف کے ٹارگٹ کلرز کو ناقابل تردید شواہد کی روشنی میں گرفتار کیا، قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرز، ان کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ پاکستان سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

دفتر خارجہ نے بتایاکہ محمد ریاض کو8ستمبر 2023کو راولا کوٹ جبکہ شاہد لطیف کو 11اکتوبر 2023کو ڈسکہ میں ٹارگٹ کلرز نے قتل کیا‘محمد ریاض اور شاہد لطیف کا قصور صرف یہ تھا کہ انھوں نے کشمیر میں جاری ظلم اور بربریت اور بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کیا، تحقیقاتی اداروں کے پاس مستند شواہد ہیں کہ اس پوری ٹارگٹڈ کلنگ مہم میں تیسرے ملک میں موجود بھارتی شہری شامل ہیں جو کہ اس کی فنڈنگ کرنے کیساتھ ساتھ ہدایات بھی دے رہے تھے اور مہم کو کنٹرول بھی کر رہے تھے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی را ایک عالمی دہشت گرد تنظیم کا کردار ادا کر رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید