• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائفر کیس، عمران کی جج سے تلخ کلامی، شاہ محمود نے فائل دیوار پر پھینک ماری، سرکاری وکلائے صفائی پر عدم اعتماد

راولپنڈی(ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے دوران عمران خان اور جج کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جبکہ شاہ محمود نے سرکاری فائل دیوار پر پھینک ماری ۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جن وکلا پر ہمیں اعتماد ہی نہیں وہ کیا ہماری نمائندگی کرینگے ؟،سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ادھر بھی سرکار ادھر بھی سرکار یہ سرکاری ڈرامہ نہیں چلے گا، ملزمان نے وکلا صفائی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ جج ابوالحسنات کا کہنا تھا کہ جتنا آپ کو ریلیف دیا جا سکتا تھا میں نے دیا، میرے ریکارڈ پرآپکی 75 درخواستیں ہیں ، آرڈر کر کر کے تھک گیا مگر آپ کے وکیل نہیں آتے۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے سائفر کیس کی سماعت کی جس دوران عمران خان کے وکلا کی عدم موجودگی کے باعث کیس میں گواہوں کے بیانات پر جرح شروع نہ ہوسکی۔ عدالت کے احکامات پر عمران خان اور شاہ محمود کو سرکار کی طرف سے دیئے گئے وکلا عدالت میں پیش ہوئے جس پر دونوں نے سرکار کی طرف سے دیے گئے وکلا صفائی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔کیس کی سماعت کے دوران عمران خان اور خصوصی عدالت کے جج کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی اور شاہ محمود نے سرکار کی طرف سے دیئے گئے وکیل صفائی کی کیس فائل ہوا میں اچھال دی۔عمران خان نے جج سے مکالمہ کیا کہ جن وکلا پر ہمیں اعتماد ہی نہیں وہ کیا ہماری نمائندگی کریں گے، جج صاحب یہ کیا مذاق چل رہا ہے ؟ میں تین ماہ سےکہہ رہا ہوں کہ سماعت سے پہلے مجھے وکلا سے ملنے کی اجازت دی جائے، بارہا درخواست کے باوجود وکلا سے مشاورت نہیں کرنے دی جاتی، مشاورت نہیں کرنے دی جائے گی تو کیس کیسے چلے گا۔

اہم خبریں سے مزید