کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دعوت پر فیڈریشن ہاؤس کراچی میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے انقلابی منشور قوم کے سامنے سب سے پہلے پیش کیا، جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی تو سب سے پہلے میں خود کو احتساب کے لیے بطور نمونہ پیش کروں گا، وی آئی پی پروٹوکول کا خاتمہ کیا جائے گا، صنعتی اداروں کو ترقی دی جائے گی، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار وسائل سے مالامال کیا ہے،ملک میں مسئلہ وسائل کی کمی کا نہیں،اہل ود یانت دار قیادت،گڈ گورننس،فنڈز کے درست استعمال،کرپشن کے خاتمے اور مشاورت کے ساتھ ملک کا نظام چلایا جائے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں اور ملک کو بیرونی قرضوں سے نجات حاصل کر کے خود کفیل کیا جاسکتا ہے،جماعت اسلامی نے مسلسل اپنے منشور پر کام کیا ہے، جماعت اسلامی کے پاس 12سو پی ایچ ڈی اسکالرز موجود ہیں، ماہرین معاشیات، ماہرین صنعت، صحت، تعلیم،ماہرین آبی ذخائر ووسائل، ماہرین زراعت موجود ہیں، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے انقلابی منشور قوم کے سامنے سب سے پہلے پیش کیا،جماعت اسلامی کے پاس معیاری تعلیم،مفت صحت کی سہولیات، دریاؤں کے پانی کو محفوظ کرنے،امن قائم کرنے کا مکمل منصوبہ موجود ہے، خارجہ پالیسی میں ہم نے طے کیا ہے کہ سب سے پہلے پاکستان، افغان اور ایران کو ایک میز پر اکٹھا کر کے بات کریں گے،ترقی و خوشحالی کے لیے خطے میں امن لانا ہوگا، ہم ملک میں زہریلی سیاست کو ختم کرنے کے لیے مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کو ایک میز پر بٹھاکرملک و قوم کے مفاد میں بات کریں گے ملک کو ترقی دینے کے لیے ایک دوسرے کا گریبان پکڑنے کے بجائے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا،ہمیں مہنگائی،بے روزگاری کے خلاف لڑنا ہے اور ہمیں اس دشمن کے خلاف لڑنا ہے جو پاکستان پر حملے کرنے کی سازشیں کررہے ہیں۔