• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ شہباز پر ریلی میں تقریر کے دوران ایک تنظیم کے کارکن نے جوتا پھینک دیا، کارکنوں نے نوجوان کی درگت بنا دی، پولیس کے حوالے

لاہور(خصوصی نمائندہ ،کر ائم رپو رٹرسے)ن لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز پر اپنے حلقہ این اے 118 میں ریلی کے دوران ایک تنظیم کے نوجوان کارکن نے جوتا پھینک دیا۔ حمزہ شہباز شریف کے مداحوں اور کارکنوں نے جوتا پھینکنے والے پر تھپڑوں اور ٹھڈوں کی بارش کر دی۔ ن لیگ کے مقامی رہنمائوں نے جوتا پھینکنے والے کو حمزہ شہباز کے مداحوں سے چھڑوایا اور اس کی جان بچانے کے لئے اسے ایک مکان میں لے گئے، تاہم مسلم لیگ ن ترجمان نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ریلی میں نوجوانوں میں جھگڑے کے دوران ایک نے دوسے پر جوتا اچھال دیا اس کے علاوہ کچھ نہیں ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ حمزہ شہبازایک بڑے مجمع سے خطاب کر رہے تھے کہ اچانک انہیں بازو اور کندھےپر ایک جوتا آ کر لگا، حمزہ شہباز نے تحمل سے اس صورتحال میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ تاہم ان کے حامیوں نے ان پر جوتا پھینکنے والے کر پکڑ کر بری طرح پیٹنا شروع کر دیا۔ اس صورتحال میں حمزہ شہباز کے اشارے پر ن لیگ کے سینئر کارکن جوتا پھینکنےوالے شخص کو ہجوم سے چھڑوا کر قریبی مکان میں لے گئے۔بعدازاں انھیں پولیس کے حوالے کردیا گیا ،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس شخص کا نام فہیم ہے جو جند وڈا سکنہ مٹھن کا رہائشی ہے جس کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے تاہم رات گئے تک اس شخص کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔
لاہور سے مزید