لاہور، راجن پور(نمائندہ جنگ‘نامہ نگاران)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت رہتی توجنوبی پنجاب کی تقدیر بدل چکی ہوتی۔راجن پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف اور خود کا سلام پیش کرتا ہوں، پورے پنجاب میں لیپ ٹاپ دیئے، روزگار اسکیم کے تحت گاڑیاں دی گئیں ، سیلاب میں راجن پور کے عوام کی خدمت کے لیے آیا تھا، میں یہاں آکر آج بہت خوش ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ آج آپ کا خادم آپ کے پاس راجن پور آیا ہے، اتنا بڑا سیلاب اور تباہی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی، سیلاب میں ہزاروں لوگ دربدر ہوئے۔صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ راجن پور ڈسٹرکٹ ہسپتال کو جدید سہولیات سےآراستہ کیا، 20 دانش سکول بنائے، جن میں 16 جنوبی پنجاب میں ہیں، راجن پور ڈسٹرکٹ ہسپتال کا صوبے کےکسی بھی ہسپتال سے موازنہ کرلیں۔دریں اثناء سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ8 مہینے پہلے جج استعفیٰ دیکر چلاگیا، کیونکہ دال میں کچھ کالا تھا، نواز شریف تھا تو گھروں میں سکون تھا، مہنگائی نہیں تھی، اس زمانے کو واپس لانا ہے آپ کے گھروں کو دوبارہ بساناہے، دل چاہتاہے آپ کیلئے وہ کروں جس کی توقع آپ مجھ سے کرتے ہیں، ملک اور قوم کو پاؤں پر کھڑا کریں گے۔لاہور میں اپنی انتخابی حلقے این اے 130 میں کارکنوں سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ اس محبت کا کیسے جواب دوں؟ آج بہت سوچ رہاہوں آپ مجھ سے اتنی محبت کیوں کرتے ہیں، یہ ایسا رشتہ ہے جس پر مجھے ناز اور فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت خوشی ہے بھائی بہنوں کی خدمت کی ہے، اس خدمت کے صلے میں آنکھوں میں محبت دیکھ رہاہوں، خدمت نہ کی ہوتی تو آپ ایسی خوشی کا اظہار نہ کرتے، دل چاہتاہے آپ کیلئے وہ کچھ کروں جس کی توقع آپ مجھ سے کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ آج میں سرخرو ہوں، آپ جانتے ہیں نواز شریف بے قصور تھا، سزا دینے والے جج ایک ایک کرکے رخصت ہوگئے۔