اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے نے سابق وزیر اعلی بلوچستان اختر مینگل اور جمال خان رئیسانی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواستیں خارج کردیں ، چیف جسٹس نے اختر مینگل کے خلاف یاسر احمد جبکہ جمال خان رئیسانی کے خلاف غلام نبی مری کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران آبزرویشن دی کہ الیکشن کمیشن ہماراماتحت ادارہ نہیں ،الیکشن کمیشن کو بھی عزت دیں ،ہم حقائق کے تنازعہ کی بنیاد پر انتخابی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر درخواست گزار کے ساتھ کوئی زیادتی ہورہی ہے یا مسول الیہ کے الیکشن لڑنے سے ان کا نقصان ہورہا ہو تو بتائیں ،اگر آپ کے مؤکل کو الیکشن لڑنے نہیں دیا جارہا ہو تو وہ اور بات ہے لیکن کسی اور کو ہم الیکشن لڑنے سے نہیں روکیں گے۔