اسلام آباد (خبر نگار) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے میرے مقدمات بہت تیزی سے چلائے جا رہے ہیں۔ لگتا ہے میچ فکس ہے۔ ہم چاہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات ہوں لیکن اسٹیبلشمنٹ تیار نہیں۔ ہمارے اوپر ریڈ لائن ڈال دی گئی اسد مجید اور سہیل محمود سائفر میں اہم گواہ ہیں۔ اعظم خان پر سرکاری وکیل دفاع نے جرح کی۔ یہ اوپن ٹرائل نہیں۔ ہمارا وکلا کا حق دفاع ختم کر دیا گیا۔ لگتا ہے فیصلہ بہت جلد آ جائے گا۔ مجھے بندھے ہوئے ہاتھوں سے صرف ایک جلسہ کرنے دیں۔ صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو پاکستانی معیشت ڈوب جائے گی۔ میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے عدالت کو کہوں گا کہ جنرل باجوہ ، ڈونلڈ لو اور امریکہ میں تعینات ملٹری اٹیچی کو بلائیں۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہماری پارٹی کو الیکشن مہم سے روکا جارہا ہے۔ چیف جسٹس کو اس بات کا سو موٹو ایکشن لینا چاہئے۔ بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا گیا کہ بلے کے فیصلے پر تو آپ نے سپریم کورٹ پر عدم اعتماد کر دیا ہے ۔