لاہور (ایجنسیاں ) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو بانی تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ثبوت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ رپورٹ میں واضح ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں بدعنوانی بڑھی جبکہ ہمارے دورمیں کم ہوئی ‘مناظرے کی دعوت دینے والے پہلے پنجاب کی ترقی دیکھ لیں‘نواز شریف کو موقع ملاتو کراچی میں بھی ٹینکرز ختم ہو جائیں گے اور نلکوں میں پانی آئے گاجبکہ ن لیگ کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ میں نے ظلم برداشت کرکے بھی قومی راز فاش نہیں کیا ‘عمران خان نے اقتدار جاتا دیکھ کر پاکستان پر حملہ کر دیا‘اس شخص نے ایسی گھناؤنی سازش کی کہ قومی سلامتی کو دا ؤپر لگادیا‘ تبدیلی نے پاکستان کا برا حشر کردیا، عوام کا جینا حرام کردیا ۔ منگل کو لاہورمیں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایک مہربان یہاں پر آیا ہےجو کہتاہے کہ لاہور میں پانی نہیںملتا ، میں اپنے مہربان کو کہتا ہوںپانی کراچی میں ٹینکرز میں ملتا ہے ۔مناظر ے کی دعوت دینے والے پہلے پنجاب کی ترقی دیکھ لیں ،جن کے صوبے میں بچوں کو داخلہ ملنا تو دور کی بات ہے اسکول اور ان کی چھتیں نہیں ہیں میں ان کے ساتھ مناظرہ کروں ؟۔ ادھر ہارون آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہناتھاکہ میں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا، آپ نے مجھے جیل میں کیوں جانے دیا، کیوں بھیجا گیا؟ ہمیں تو تماشا بنا دیا گیا، ایسے نقصانات ہوئے کوئی تلافی نہیں۔مجھے جیل میں ڈالنے والے جج اس لیے جارہے ہیں کیونکہ چورکی داڑھی میں تنکا ہے، ان ججز کو اپنے کرتوت کا پتا ہے۔ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا ،بانی پی ٹی آئی پھر کشکول لے کر پہنچ گیا ۔