• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائفر کیس میں عمران کی سزا برقرار رہنا ممکن نہیں، شعیب شاہین

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ عمران خان کو سائفر کیس میں دی گئی سزا برقرار رہنا ممکن نہیں ہے، سائفر کیس بنانا غلامی کی بدترین مثال قائم کرنے کے مترادف ہے، عمران خان لوگو ں کے دلوں کا حکمران ہے، 90فیصد پاکستان عمران خان کے ویژن کے ساتھ کھڑا ہے، عمران خان ہیرو ہے جس نے ملک کی سلامتی کا دفاع کیا۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا اور سینئر تجزیہ کار مشرف زیدی بھی شریک تھے۔مشرف زیدی نے کہا کہ سائفر کیس میں عمران خان کی سزا برقرار رہنے کا امکان بہت کم ہے، تحریک انصاف کے کارکنوں کو داد دینی چاہئے کہ تمام دباؤ کے باوجود الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔حسن رضا پاشانے کہا کہ عمران خان کے ساتھ 2018ء کا ایکشن ری پلے ہورہا ہے، عمران خان کوسیاسی جلسہ میں سائفر نہیں لہرانا چاہئے تھا، عمران خان نے قومی راز پبلک کر کے بڑی غلطی کی، سائفر کیس میں سزا کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل سال ڈیڑھ سال بعد سنی جائے گی، پی ٹی آئی کے جو کارکن کمٹمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ میڈیا اس وقت عمران خان کی تصویر بھی نہیں چلاسکتا ہے، پاکستان میں ناپسندیدہ سیاستدانوں پر غداری کے مقدمات اور سزائیں دی جاتی رہی ہیں، نواز شریف کے پاناما کیس کا عمران خان کیخلاف مقدمات سے نہیں جوڑا جاسکتا، پاناما کیس کسی سازش کا حصہ نہیں تھا اس میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کا معاملہ آیا، حسین نوا ز نے جیو نیوز پر کہا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ہمارے ہیں مریم نواز اس کی بینیفشری مالک ہیں، پاناما کیس میں نواز شریف کا جیل ٹرائل نہیں ہواتھا ۔ شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سائفر کیس میں دی گئی سزا برقرار رہنا ممکن نہیں ہے، سائفر کیس بنانا غلامی کی بدترین مثال قائم کرنے کے مترادف ہے، سائفر کیس میں ڈیفنس کا وکیل نہیں آیا تو پراسیکیوٹرز کے دیئے ہوئے نام ڈیفنس کے وکیل بنادیئے گئے۔ شعیب شاہین نے کہا کہ عمران خان لوگو ں کے دلوں کا حکمران ہے، 90فیصد پاکستان عمران خان کے ویژن کے ساتھ کھڑا ہے، عمران خان ہیرو ہے جس نے ملک کی سلامتی کا دفاع کیا ، ہم نے اپنے ہیرو کو مجرم بنادیا، عمران خان کے دور میں ایک ڈرون حملہ نہیں ہوا،سابق وزیراعظم نے ملکی معاملات میں مداخلت پر کھل کر عالمی طاقت کو احساس دلایا، اگر سائفر میں کچھ غلط نہیں تھا تو پاکستان نے ڈیمارش کس چیز کا دیا۔شعیب شاہین نے خدا کی قسم کھا تے ہوئے کہا کہ میں جس جگہ پر بھی گیا لوگوں نے بتایا پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالہ دور میں خصوصاً دیہاتوں میں جتنا کام کیا گیا وہ پچھلے چالیس سال میں نہیں ہوا، ہر شخص نے ایک ہی بات کی کہ ہمارے بہت مسائل ہیں لیکن ہمارا اس کے سوا کوئی مطالبہ نہیں کہ اس جیت کو عمران خان کی رہائی اور انہیں انصاف دلانے کیلئے انصاف کرنا ہے، میں جس حلقے میں کارنر میٹنگ کرتا ہوں انہیں اٹھالیا جاتا ہے یا دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید