ملتان (سٹاف رپورٹر ) ایران میں 9 سرائیکی مزدوروں کاقتل ، سرائیکی جماعتوں کی طرف سے ملتان پریس کلب سے چوک نواں شہر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ، مظاہرین نے ’’ظالمو جواب دو ، خون کا حساب دو‘‘ سرائیکیوں کا قتل عام بند کرو‘‘ کے نعرے لگائے ، قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے ، مقتولین کی لاشیں واپس لانے اور لواحقین کو سرکاری ملازمتیں دینے اور ان کی مالی مدد کرنے کے مطالبے کئے گئے۔ احتجاجی ریلی سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا فراز نون ، سرائیکستان قومی کونسل کے چیئرمین ظہور دھریجہ ، پاکستان سرائیکی پارٹی کے صدر اللہ نواز وینس ، چیئرمین سرائیکستان نوجوان تحریک مہر مظہر کات و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں قتل ہونے والے سرائیکی مزدور قانونی طور پر وہاں قیام پذیر تھے ان کے قتل کی ذمہ داری ایران کی حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔