اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے بیلیٹ پیپرز شائع ہونے کی بنیاد پر پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 244بہاولنگر سے ملک مظفر خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کردی ہے ۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریما رکس دیئے کہ ایسا حکم نہیں دینا چاہتے، جو انتخابات میں تاخیر کا سبب بنے۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ملک مظفر خان کی اپیل کی سماعت کی ۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ غیر قانونی ہے ۔
عدالت نے آبزرویشن دی کہ درخواست گزار نے داد رسی کے لیے سپریم کورٹ آنے میں تاخیر کی ،الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ بر وقت چیلنج کیا جاتا تو ریلیف مل سکتا تھا۔
عدالت کے استفسار پر سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مذکورہ حلقے میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل جاری ہے، اس مرحلے پر کاغذات منظور کیے گئے تو حلقے میں انتخابات تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں۔