8 فروری کو ہونے والے انتخابات ملکی تاریخ کے 12ویں عام انتخابات ہیں۔
اگر ہم ملک کی 76 سالہ تاریخ پر نظر ڈالیں تو اب تک صرف 2 منتخب کردہ حکومتوں نے اپنی مدت کا دورانیہ پورا کیا اور وقت پر انتخابات کروائے ہیں۔ تاہم ان حکومتوں کے دوران بھی ملک کے منتخب وزیر اعظم اپنی آئینی مدت پوری کرنے سے قاصر رہے۔
آیئے ایک نظر ماضی کی حکومتوں پر ڈالتے ہیں کہ کس نے کب کب اور کتنی مدت کے بعد انتخابات کروائے۔
1970 میں ہونے والے عام انتخابات ملک کی تاریخ میں ہونے والے پہلے باضابطہ عام انتخابات تھے۔
7 دسمبر 1970 کو منعقد ہونے والے عام انتخابات قیام پاکستان کے 23 برس بعد منعقد ہوئے تھے۔ 1970 میں بننے والی حکومت نے 7 برس حکومت کی اور مقررہ مدت کے بعد انتخابات کا انعقاد کروایا۔
7 مارچ 1977 کو ملک کے دوسرے انتخابات ہوئے، اس حکومت کا تختہ صرف 2 ماہ میں اس وقت الٹ گیا جب حزب اختلاف نے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
28 فروری 1985 کو تیسری بار انتخابات کا میلہ سجا اور غیر جماعتی بنیاد پر منتخب ہونے والی حکومت اپنی مقررہ مدت پوری نہ کرسکی اور صرف 3 برس میں ہی گھر واپس چلی گئی۔
16 نومبر 1988 کو ملک کی تاریخ کے چوتھے انتخابات کروائے گئے۔ ان الیکشن سے ایوان میں پہنچنے والی حکومت بھی زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی اور صرف 2 برس میں اس حکومت کا تختہ پلٹ گیا۔
24 اکتوبر 1990 کو پانچویں بار انتخابی دنگل سجا اور اس کے نتیجے میں بننے والی حکومت بھی اپنی مدت پوری نہ کرسکی اور اسے 3 برس میں ہی انتخابات کروانے پڑے۔
6 اکتوبر 1993 کو چھٹے انتخابات منعقد ہوئے۔ ان انتخابات کی صورت میں بننے والی حکومت بھی مسلسل چوتھی بار اپنی مدت پوری نہ کرسکی اور 1996 کے اختتام پر آئندہ انتخابات کا اعلان کر دیا گیا۔
3 فروری 1997 کو ساتویں انتخابات ہوئے اور ایک بار پھر 2 برس کے مختصر وقت میں حکومت کا تختہ الٹ گیا۔
10 اکتوبر 2002 کو آٹھویں انتخابات کا انعقاد ہوا اور طویل عرصے کے بعد ملک میں مستحکم حکومت کا قیام عمل میں آیا۔ اس حکومت نے پہلی بار ملک کی تایخ میں اپنی مقررہ مدت پوری کی اور وقت پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا۔
18 فروری 2008 کو سنگین حالات میں نویں انتخابات مقررہ وقت پر ہوئے۔ یہ ملک کی تاریخ میں مقررہ وقت پر ہونے والے پہلے انتخابات تھے۔ اس حکومت نے تو اپنی مقررہ مدت پوری کی تاہم اس دوران اس وقت کے وزیر اعظم اپنی آئینی مدت پوری نہ کرسکے۔
16 مئی 2013 کو دسویں انتخابات ہوئے۔ اس حکومت نے بھی اپنی آئینی مدت پوری کی اور 2018 تک اپنی حکومت قائم رکھی۔ تاہم اس دور حکومت میں منتخب ہونے والے وزیر اعظم بھی اپنی آئینی مدت پوری نہ کرسکے۔ اس حکومت نے مقررہ وقت پر آئندہ انتخابات کا اعلان کیا۔
25 جولائی 2018 کو مقررہ وقت پر گیارہویں انتخابات ہوئے۔ تاہم ان انتخابات میں منتخب ہونے والی حکومت اپنی آئنی مدت پوری نہ کرسکی اور ساڑھے 3 برس بعد اس کا تختہ الٹ گیا۔
تاہم اب بارہویں انتخابات کا انعقاد 8 فروری کو چند ماہ کی تاخیر سے ہو رہا ہے۔