راولپنڈی(جنگ نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا اختیار درست قرار دے دیا۔ گذشتہ روز جسٹس شاہد بلال حسن نے سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لینے کے اختیار کیخلاف درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ 18 صفحات پر مشتمل فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 215 آئین سے متصادم نہیں ،آئین آرٹیکل 17,9,14 سمیت دیگر آرٹیکلز کی روشنی میں یہ سیکشن آئین سے متصادم نہیں، الیکشن کمیشن کو با اختیار بنانے کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 میں شامل کیا گیا ، درخواست قابل سماعت نہیں ۔