راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما پی پی 18سے امیدوار سجاد خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں (ن) لیگ ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) جنرل الیکشن بھاری اکثریت سیے جیت کر نہ صرف وفاق میں بلکہ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی اور سندھ‘ خیبر پختونخوا‘ بلوچستان میں اتحادی جماعتوں سے مل کر حکومتیں بنائی جائینگی۔ چوہدری سرفراز روڈ پر ہزارہ برادری کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے نئے دور میں ملکی اقتصادیات اور معیشت کا نیا مثبت سفر شروع ہو گا اور ترقی کا یہ سفر ملک میں صنعتی اور زرعی انقلاب لائے گا۔ کارنر میٹنگ سے سابق رکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان‘ ندیم بھٹی ایڈووکیٹ‘ نعیم پاشا‘ شراکت خان تنولی‘ نزاکت خان تنولی‘ قاری خالد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سجاد خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کی سیاست خدمت کی سیاست ہے اور ہم سب عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کرینگے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) راولپنڈی میں پہلے کی نسبت زیادہ ترقیاتی منصوبے لگائے گی اور عوام کو ہرممکن ریلیف دے گی لہٰذا عوام8 فروری کو شیر پر مہر لگائیں تاکہ سیاسی مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں۔