حیدرآباد (اے بی سومرو) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ووٹ لینے آئے تو ان سے کہنا کہ ’را‘ سے پیسے لینے والوں اور پاکستان مردہ آباد کے نعروں پر تالیاں بجانے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے اور پتنگ کو کاٹ دیں‘ستارے والے ووٹ مانگیں تو کہنا کہ ستارے آسمان پر ہی اچھے لگتے ہیں‘آزاد امیدوار کو ووٹ دیکر ووٹ ضائع نہ کیا جائے ، کراچی میں ایک گھنٹے میں 75ملی میٹر بارش ہوئی اور صبح تک پانی نکال دیا تھا ، اس بات پر میئر کراچی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، آصف علی زرداری ہمارے صدارتی امیدوار ہوں گے ، سیاست میں اتنا آگے نہیں جانا چاہئے۔ انہوں نے بشری بی بی کیخلاف فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے حسین آباد گراؤنڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ایک جماعت نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتی آرہی ہے لیکن اس شہر کے لوگ پیچھے نہیں ہٹے اور انہوں نے ظالم‘آمر اور یزید کے سامنے سر نہیں جھکایا۔انہوں نے کہا کہ آج بھی جو جماعتیں پیپلزپارٹی سے مقابلہ کرنا چاہتی ہیں ان کو عوام پہچانیں کیونکہ عوام ان کی اصلیت اور ماضی کو بخوبی جانتے ہیں‘تاریخ گواہ ہے کہ اس جماعت کے لوگوں نے 90ءکی دہائی میں کیا کیا ‘ ان کا طرز سیاست نفرت اور تقسیم کی سیاست ہے۔