پشاور( کرائم رپورٹر) پشاور میں پولیس کے بعد کسٹم اہلکاروں کے روپ میں ڈکیتی کاانکشاف ہواہے ۔شاکر اللہ سکنہ لکی مروت نے 23جنوری کو تھانہ متنی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایاکہ وہ ٹینکر گاڑی میں ملتان محمود کوٹ سے ٹینکر میں 48ہزار لیٹر آئل لیکر ترناب فارم پشاور جارہاتھا کہ راستے میں کوہاٹ روڈ پر ایک موٹرکار جس پر گرین نمبر پلیٹ اور سرچ لائٹ لگی تھی نے اسے روکا جس میں سوار افراد نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے ٗایک شخص نے گاڑی کے قریب آکر بتایا کہ گاڑی میں ان کا افسر بیٹھا ہے اپنی دستاویزات اسے چیک کراؤ جب وہ گاڑی کے قریب پہنچا تو گاڑی میں سوار افراد نے اسے دھکا دیکرموٹرکار میں بٹھایا اور تین گھنٹے تک اسے موٹرکارمیں گھماتے رہے۔ بعدازاں انہوں نے اسے چلتی کار سے گریا اوراس کا آئل ٹینکر لے گئے پولیس نے 10دن کی انکوائری کے بعد ملزمان کا سراغ لگا کر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہناہے کہ انہوں نے ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔