لاڑکانہ (نیوز ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر میرے ووٹ پر ڈاکہ مارا یا چھیڑ چھاڑ کی تو ان کا ایسے پیچھا کروں گا کہ وہ عمران خان کو بھول جائینگے،میں جانتا ہوں کہ گڑبڑ کرنے والے کون ہیں اور کہاں بیٹھے ہیں، مخالفین شفاف طریقے سے الیکشن جیتتے ہیں تو بسم اللہ، لیکن ووٹ پر ڈاکہ منظور نہیں ہوگا،لاہور سے ن لیگ کا کلین سوئپ زمینی حقائق نہیں، انکا تخت لاہور ہل رہا ہے،عوام ان کی شکل نہیں دیکھنا چاہتے، میاں صاحب تو مانسہرہ سے ہی ہار رہے ہیں، جب لاڑکانہ کا وزیراعظم بنتا ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کے علاوہ کچھ نہیں دیتے ہیں، ان لوگوں نے سیاست کو سیاست نہیں بلکہ گالی بنادیا ہے، پورا ملک مایوس ہے کہ کیا ہماری قسمت میں ان کی شکلیں دیکھنی لکھی ہیں، پرانے سیاستدانوں کی ضد اور انا کی وجہ سے معیشت کو نقصان ہوا ہے، اگر پرانے سیاستدان کی حکومت بنی تو پھر دھرنے کی سیاست شروع ہوجائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں انتخابی مہم کے آخری جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں ملک بھر میں انتخابی مہم چلانے کے بعد اپنے گھر لاڑکانہ واپس آگیا ہوں،لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پسماندہ طبقات کی نمائندگی ہوتی ہے، لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو مزدوروں کو محنت کا صلہ بھی ملتا ہے، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پاکستان پوری مسلم امہ کی قیادت کرتا ہے،جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پاکستان میں ترقی ہوتی ہے، جب لاڑکانہ کا وزیراعظم بنتا ہے تو چھوٹے تاجر بھی ترقی کرتے ہیں۔بلاول بھٹو نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے دوسری بار وزیراعظم بننے کے بعد امیرالمومنین بننے کی کوشش کی، آراو الیکشن کے ذریعے اس شخص کو تیسری بار مسلط کیاگیا، اور اب یہ شخص چوتھی بار ملک کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے۔