کراچی(اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی تین سال کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بن گئے۔منگل کو لاہور میں پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ان کا انتخاب بلامقابلہ ہوا جس کے فوری بعد انہوں نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔محسن نقوی ،چیف سلیکٹر وہاب ریاض اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کے ہمراہ قومی اکیڈمی سے پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچے انہیں کرکٹ کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ سید محسن رضا نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے متفقہ طور پر بلامقابلہ تین سال کے لیے چیرمین منتخب ہوگئے ۔ان کا انتخاب پی سی بی کے الیکشن کمشنر شاہ خاور کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں عمل میں آیا۔ شاہ خاور نے منگل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا خصوصی اجلاس طلب کیا تھا۔سید محسن رضا نقوی نے اپنے انتخاب کے بعد بورڈ آف گورنرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کا متفقہ طور پر چیئرمین منتخب ہونے پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔پاکستان کرکٹ کو بہتر کرنا پہلا ہدف ہے میں بورڈ ممبران کا اپنے اوپر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔سید محسن رضا نقوی نے کہا میں ملک میں کھیل کے معیار کو اپ گریڈ کرنے اور پاکستان میں کرکٹ کی انتظامیہ میں پیشہ ورانہ مہارت لانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں۔