اسلام آباد( نمائندہ جنگ) نگران وزیراعظم نے کہا ہےکہ امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا ، حکومت عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے پر عزم ہے۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان میں پشین کے علاقوں خانو زئی اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔انھوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان سے ان واقعات کی رپورٹ طلب کر لی۔نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نےدھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے پہلے دہشتگردافرا تفری کا عالم پھیلا کرعوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال سے روکنا چاہتے ہیں، دشمن کے مزموم عزائم کو کسی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد امن اور جمہوریت کے دشمن ہیں اور ملک کا امن خراب کرنے کی کسی مذموم سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ پولنگ سے ایک روز قبل بلوچستان کے دو علاقوں میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے واقعات انتہائی افسوسناک اور باعث تشویش ہیں۔